لاہور (آن لائن/این این آئی )وزیراعظم عمران خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کو ٹیلی فون کیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں سیاسی صورتحال اور سینٹ الیکشن پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں رہنماؤں کا ملکر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیر اعظم نے سپیکر پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا
وزیراعلیٰ پنجاب اور آپ ملکر سینٹ الیکشن کی حکمت عملی مرتب کریں۔سینٹ الیکشن میں ملکر چلیں گے۔الیکشن میں بہترحکمت عملی سے کامیابی ممکن ہوگی ۔دوسری جانب آئندہ ماہ ہونے والے سینیٹ انتخابات اور ایوان بالا میں اپنا چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین لانے کے لئے (ق) لیگ کے ارکان اسمبلی اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق آئندہ ماہ 48 سینیٹرز اپنی مندت مکمل کرکے ریٹائر ہوجائیں گے ان کی جگہ نئےسینیٹرز کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ میں بھی اپنی برتری قائم کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں جی ڈی اے، ایم کیو ایم، (ق) لیگ اور بی اے پی کی درپردہ مشاورت جاری ہے۔سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ق) کے صوبائی ارکان کے ووٹ انتہائی اہمیت اختیار کرگئے ہیں ، (ق) لیگ کی جانب سے بھی آئندہ چند روز میں بڑا اعلان متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی چیئرین شپ کے لیے بطور امیدوار صادق سنجرانی کے نام پر اتفاق کی صورت میں ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی کا ہوگا اور اس کے لیے سینیٹر مرزا محمد آفریدی کا نام ڈپٹی چیئرمین کے لئے زیر غور ہے۔