لاہور(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے اتفاق آئرن انڈسٹریز کے سی ایف او خلیق شریف خلجی کو گرفتار کرلیا۔خالق شریف خلجی شریف خاندان کے قریبی عزیز ہیں۔ اتفاق آئرن انڈسٹریز کے سی ایف او کو لارج ٹیکس پیئرآفس انفورسمنٹ زون
کی ٹیم نے گرفتار کیا۔ ایف بی آر کی طرف سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں شریف خاندان کے قریبی عزیز میاں جاوید شفیع کے بیٹے سی ای او اتفاق آئرن انڈسٹریز شہزاد جاوید کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق فراڈ کے ذریعے دو مرتبہ ان پٹ ایڈجسٹمنٹ حاصل کرنے کی ایف آئی آر میں اتفاق آئرن انڈسٹریز کے ڈائریکٹر خالد پرویز، ڈائریکٹر خالد مصطفی، شوکت علی رانا اور میاں پرویز کو بھی نامزد کردیا گیا ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق اتفاق آئرن انڈسٹری کے ذمے سیلز ٹیکس، جرمانے اور ڈیفالٹ سرچارج کی مد میں 17 کروڑ 50 لاکھ واجب الادا ہیں۔ ایف بی آر ہیڈکوارٹر نے لارج ٹیکس پیئر آفس لاہور کو اتفاق آئرن انڈسٹری کی ان پٹ ایڈجسٹمنٹ فراڈ کی تفصیلات بھجوائی تھیں۔