اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا وائرس کیخلاف کامیابی سے متعلق اچھی خبر یہ سامنے آئی ہے کہ برطانیہ بھی کل جمعرات 23 اپریل سے کورونا وائرس کی ویکسین کا تجربہ انسانوں پر کرنے جارہا ہے۔نجی ٹی وی رپورٹ جیو کی رپورٹ کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کاک نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں ماہرین کی مکمل مدد کا وعدہ کیا ہے
اور ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، کورونا کی اثر انگیز ویکسین بنانے والا دنیا کا پہلا ملک بننے کا احساس اتنا خوشگوار ہے کہ میں اس کے لیے سب کچھ داؤ پر لگانے کیلئے تیار ہوں۔دوسری جانب امپیریئل کالج آف لندن نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین کا انسانوں پر ٹرائل کرنے کا اعلان کردیا ہے جو آئندہ ہفتے سے شروع ہوجائے گا۔امپیریئل کالج کے محکمہ متعدی امراض نے اس سلسلے میں رضاکاروں سے درخواستیں بھی طلب کی ہیں جن پر ویکسین کی آزمائش کی جائے گی۔کالج کا کہنا ہے کہ اسے اس مقصد کے لیے 18 سے 55 برس تک کے صحت مند افراد درکار ہیں جنہیں 625 پاؤنڈ تک معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں 25 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے 1 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ساڑھے چھ لاکھ سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں۔کورنا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے ممالک میں امریکا، اسپین، اٹلی، جرمنی اور برطانیہ شامل ہیں۔