واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے سابق سیکریٹری دفاع رابرٹ گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کی صورت میں طالبان دوبارہ ملک پر قابض ہوسکتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ طالبان افغان حکومت کے ساتھ اس لیے مذاکرات سے انکار کررہے ہیں
کیوں کہ وہ دوبارہ افغانستان کا قبضہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ اگر امریکی افواج فوری طور پر افغانستان سے نکل جاتی ہیں تو افغان جنگ کا اختتام بھی ویتنام جنگ کی طرح ہوگا۔انہوں نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ انخلا سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ کابل حکومت مستحکم ہو، اس وقت تقریباً 12 ہزار امریکی اہلکار افغانستان میں موجود ہیں۔اس کے ساتھ انہوں نے طالبان کے دوبارہ افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کی صورت میں پڑنے والے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ طالبان کا قبضہ خاص طور پر افغان عورتوں کے لیے برا ثابت ہوگا۔امریکی عہدیدار سے جب سوال کیا گیا کہ کیا طالبان کو افغانستان کی وسیع حکومت میں شمولیت میں دلچسپی ہے یا وہ اپنا اقتدار دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ افغانستان پر قبضہ کرنے کے خواہش مند ہیں۔رابرٹ گیٹس نے مذاکرات میں امریکا کی نمائندگی کرنے والے وفد پر زور دیا کہ امریکی فوج کی واپسی سے قبل جنگجوؤں اور افغان حکومت کے درمیان معاہدہ کروایا جائے تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ بالاآخر اس کا اطلاق افغان فریقین پر منحصر ہے۔ امریکا کے سابق سیکریٹری دفاع رابرٹ گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کی صورت میں طالبان دوبارہ ملک پر قابض ہوسکتے ہیں۔