نئی دہلی(اے این این )ایک امریکی میگزین میں ہندوستانی فضائیہ کے ذریعے پاکستان کے ایف16 جنگی طیارے کو مار گرائے جانے کے دعوے پر سوال اٹھائے جانے کے بعد ہندوستانی فضائیہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے دعوے پر قائم ہے کہ 27 فروری
کو اس نے پاکستان کے ایف 16 جنگی طیارے کو مارگرایاتھا اور اس کے پاس اس کے پختہ ثبوت ہیں۔ فضائیہ کے ایئر وائس مارشل آر جی کے کپور نے صحافیوں کو بتایا کہ 27 فروری کو فضائیہ نے پاکستانی فضائیہ کے جنگی طیاروں کی ہندوستانی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکام کردیا تھا اور اس دوران ہندوستانی مگ21 طیارے نے نوشہرہ سیکٹر میں پاکستان کے ایک ایف16 طیارے کو مار گرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اولین مورچوں پر تعینات ہندوستانی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ اس دن دو مختلف مقاما ت پر دو پائلٹوں کو پیراشوٹ سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ان دونوں پائلٹوں کے درمیان 8سے10 کلومیٹر کی دوری تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو دو طیارے گرے تھے ان میں سے ایک ہندوستان کا مگ 21 تھا اور دوسرا پاکستانی فضائیہ کا طیارہ تھا۔ بعد میں پاکستانی طیارے کے الیکٹرانک سگنیچر سے بھی یہ واضح ہو گیا کہ یہ ایف 16 جنگی طیارہ تھا۔