واشنگٹن(این این آئی)امریکی حکومت میں یورپی یونین کے امور کا ایک سینئر عہدیدار عہدے سے مستعفی ہوگیا۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق وزیر خارجہ کا معاون خصوصی برائے یورپی امور ویس میچل نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی نے 4 جنوری کو وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو کہا تھا کہ وہ عہدے پر مزید تعینات نہیں رہنا چاہتے بلکہ اپنے چھوٹے سے خاندان کے ساتھ وقت گذارنا چاہتے ہیں۔تاہم امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے مستعفی ہونے والے عہدیدار کے اٹھائے گئے
سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ امریکی عہدیدار کا استعفیٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب دوسری جانب امریکا اور یورپی ملکوں کے درمیان کشیدگی پائی جا رہی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام پر طے پائے معاہدے سے علیحدگی، شام سے فوج نکالے جانے کے معاملے اور پیرس میں ہونے والے عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدگی کے اعلان کے بعد یورپ اور امریکا کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔مائیک پومپیو نے مستعفی ہونے والے عہدیدار کی خدمات کو سراہا ۔