خرطوم(انٹرنیشنل ڈیسک)سوڈان میں خوفناک اقتصادی بحران کے بعد صدرعمر البشیر نے قومی وفاق حکومت تحلیل کرتے ہوئے وزیر اعظم بکری حسن صالح اور وزیر خزانہ جنرل محمد عثمان الرکابی کو عہدوں سے ہٹا کر معتز موسیٰ کو نئی کابینہ تشکیل دینے کا حکم دے دیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق سوڈان کی حکمران جماعت نیشنل کانگریس کے نائب صدر فیصل حسن نے بتایا کہ صدرعمرالبشیر نے نئی کابینہ تشکیل دینے کے لیے معتز موسیٰ کو وزیراعظم مقرر کیا ۔ وزیر دفاع اور وزیر داخلہ دونوں اپنے منصب
پر قائم رہیں گے۔ پچھلی حکومت میں مْعتز موسیٰ بجلی اور پانی کے وزیر تھے۔تبدیلی کے بعد سابق سبکدوش وزیراعظم بکری حسن صالح نائب صدر اور عثمان یوسف کبر ڈپٹی نائب صدر کے عہدے پر تعینات کیے جائیں گے۔نائب صدر حسبو عبدالرحمان کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ کابینہ میں 31 کے بجائے صرف 21 وزراء کو شامل کیا جائے گا۔سوڈان میں حکومت کی تبدیلی ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیدا ہونے والے بحران کے حل کے تناظر میں عمل میں لائی گئی ہے۔