لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم پاکستان کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔جسٹس شاہد وحید نے ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل اے کے ڈوگر نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ
دو بڑی جماعتوں نے ووٹ کاسٹ نہ کر کے آئین کے آرٹیکل(4)91 کی خلاف ورزی کی ہے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئین نے صرف وزیر اعظم اور وزیر اعلی کو ہی تمام ووٹوں سے منتخب ہونے کا پابند بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری ووٹ ڈالنے کا پابند ہے، میں اپنی ذمہ داری پوری کر چکا ہوں اب آپ کی ذمہ داری ہے۔وکیل اے کے ڈوگرنے عدالت سے استدعا کی کہ دو بڑی سیاسی جماعتوں کے 69ووٹوں کے بغیر وزیر اعظم منتخب کیا گیا جو قانون کے منافی ہے اس لیے عدالت عمران خان کو وزیر اعظم منتخب کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دے۔کیونکہ قانون کے مطابق وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے پارلیمنٹ کے ہر ممبر کا ووٹ کاسٹ کرنا ضروری ہے۔عدالت نے درخواست گزار وکیل کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے والے پارلیمینٹیرینز کو فریق بنانے کی ۔جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے وفاقی حکومت سمیت پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کو بھی نوٹس جاری کر دیئے ۔جسٹس شاہد وحید نے آئندہ سماعت پر ڈپٹی اٹارنی جنرل عمران عزیز کو عمران خان اور الیکشن کمیشن سے ہدایات لے کر پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔