نارنگ منڈی (این این آئی) لاہور سے نارووال جانے والی مسافر ٹرین فیض احمد فیض ایکسپریس پر شاہدرہ کے قریب لوٹا سٹاپ پر پتھراؤ سے نارنگ منڈی کی خاتون سمیت دو مسافر زخمی ہو گئے ،ڈیلی پسینجر ایسوسی ایشن ریلوے پاکستان کے مرکزی چیئرمین حافظ عبدالقیوم کی قیادت میں مسافروں نے شدید احتجاج کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ شام ساڑھے چھ بجے لاہور سے روانہ ہونے والی فیض احمد فیض ایکسپریس لوٹا سٹاپ کے قریب چل رہی تھی تو
اچانک بچوں کی جانب سے چلتی ٹرین پر پتھراؤ کیا گیا اور ٹرین کی پہلی بوگی میں بیٹھے مسافروں میں ہلچل پیداہو گئی تاہم نارنگ منڈی کی خاتون سمیت دو مسافر پتھر لگنے سے زخمی بھی ہوئے لیکن ٹرین کی سیکورٹی پر مامور پولیس ملازمین نے کوئی توجہ نہ دی ۔روزانہ سفر کرنے والے ملازم پیشہ افراد نے بتایا کہ یہاں پتھراؤ روزانہ کا معمول بن چکا ہے انہوں نے ریلوے پولیس کے اعلیٰ حکام سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔