کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے ٹرانزٹ مسافروں کے لئے 28 سال سے قائم کراچی ایئر پورٹ ہوٹل کا بلاک اسپیشل برانچ سے خالی کرالیا گیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی بھارتی پروازوں کے ذریعے کراچی آنے والے بھارتی شہریوں کو سیکیورٹی کی بنا پر ایئر پورٹ ہوٹل کے مذکورہ بلاک میں رکھا جاتا تھا۔حالیہ پاک بھارت سفارتی کشیدگی کے باعث پی آئی اے کی کراچی سے دہلی اور ممبئی کی پروازیں گزشتہ کافی عرصے سے
معطل ہیں۔ایئر پورٹ ہوٹل میں 42 کمروں پر مشتمل مذکورہ بلاک1991 سے صرف بھارتی مسافروں کے لئے ہی مختص تھا، پی آئی اے کی جانب سے کئے گئے فیصلے کے مطابق ایئر پورٹ ہوٹل انتظامیہ سے 28 دسمبر کو یہ بلاک اسپیشل برانچ سے خالی کرانے کا کہا گیا تھا۔ایئر پورٹ ہوٹل کی جانب سے 14 فروری کو آئی جی کے نام لکھے گئے خط کے بعد اسپیشل برانچ کی جانب سے دو روز قبل بلاک انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔