اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چین ،پاکستان اور افغانستان پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات 26دسمبر کو بیجنگ میں ہونگے۔پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کریں گے ،اس موقع پر ترقی، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق امور زیر بحث لائے جائینگے۔ جمعرات کوترجمان چینی وزارت خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ جون میں تینوں ممالک کی جانب سے سہ فریقی مذاکرات کے میکانزم پر اتفاق کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہو گا۔اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے
ترجمان نے کہا کہ تینوں ممالک کے وزراء خارجہ تفصیل سے سیاسی باہمی اعتماد، مصالحت،ترقی اور روابط، سیکیورٹی تعاون اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کا مشترکہ ہمسایہ ہونے کے ناطے چین نے دونوں ملکوں کے مابین دوستانہ تعاون کی حمایت کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ سہ فریقی اجلاس سے باہمی تعاون اور خطے میں امن و استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کریں گے