برسلز(این این آئی)یورپی پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے یونین کے تمام رکن ممالک میں مہاجرین اور پناہ گزینوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات یکساں بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک میں مہاجرین کو فراہم کردہ سہولیات ایک جیسے کرنے کا مطالبہ یورپی پارلیمان کے صدر انتونیو تیجانی نے ایک جرمن اخبار کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہاکہ مختلف یورپی
ممالک میں موجود اس فرق کے باعث اسائلم شاپنگ‘کا ماحول پیدا ہو رہا ہے جس دوران مہاجرین بہتر سہولیات فراہم کرنے والے ممالک کی جانب روانہ ہو جاتے ہیں۔یورپی پارلیمان کے صدر نے بھی تجویز پیش کی کہ یورپی یونین کی سطح پر سیاسی پناہ کے ہمہ گیر قوانین بنائے جانے کے علاوہ مہاجرین کو فراہم کردہ سہولیات میں بھی یکسانیت لائی جانا چاہیے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک میں پناہ کے قوانین بھی مختلف ہیں اور مہاجرین قبول کرنے سے متعلق ارکان میں اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔