کراچی (یو این پی) کاروباری ہفتے کے آخری روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر گھٹ گئی۔ رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر10پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید106.60روپے اور قیمت فروخت 106.80روپے پر آگئی ،اسی طرح1.10روپے کی نمایاں کمی سے یورو کی قیمت خرید126.10روپے سے کم ہو کر125روپے اور قیمت فروخت 127.10روپے سے کم ہو کر126روپے ہو گئی
جبکہ 90پیسے کی کمی سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 139.70روپے سے کم ہو کر 138.80 روپے اور قیمت فروخت140.70روپے سے کم ہو کر 139.80 روپے پر آ گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک پیسے سستا ہوا، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ 6 دنوں میں ڈالر کی قدر70پیسے گھٹ گئی، زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر مستحکم دیکھی گئی تاہم برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں1.20روپے کی کمی واقع ہوئی۔فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب کم اور سپلائی بڑھی ہے ،نئے وزیراعظم کے پیغام نے غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کیا ہے۔