بیجنگ(آئی این پی )چین نے جاپان پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی جارحیت کے باعث ایشیائی ہمسایہ ممالک کے خلاف کئے جانے والے تاریخی اقدامات کا ازالہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکھانگ نے پیر کو معمول کی پریس بریفنگ میں حالیہ جاپان اور جنوبی کوریا کے مابین ’’کمفرٹ ویمن‘‘ کے حوالے سے ہونے والی پیچیدہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے مابین جاپانی فوجوں کی جانب سے مختلف ممالک میں خواتین کا جنسی استحصال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے مابین یہ بنیادی تنازعہ جاپانی افواج کا ایک بڑاجرم ہے ۔چین کا یہ موقف ہے کہ جاپان تاریخی طور پر کی جانے والی غلطیوں پر ہمسایہ ممالک کا اعتماد جیتنے کیلئے اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے کی جانے والی تاریخی غلطیوں کی بات کی جائے تو جاپانی قیادت کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے نہیں آتا، حال ہی میں جاپانی قیادت نے پرل کاربر کا دورہ کیا ، یہ وہی جگہ ہے جہاں 7دسمبر1941کو اچانک حملہ کرتے ہوئے ہزاروں امریکی فوجیوں اور شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا ۔