لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے مارچ اور جلسے کے پیش نظر جاتی امراء رائیونڈ کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ،لاہور کے 9مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے جائینگے تاہم پی ٹی آئی کے کسی بھی قافلے کو مارچ اور جلسے میں شرکت سے نہیں روکا جائے گا، لاہور پولیس کل ( بدھ) کو اپنا سکیورٹی پلان اور حکمت عملی پیش کرے گی ۔ تحریک انصاف کے 30ستمبر کو رائیونڈ کی طرف مارچ اور جلسے کے حوالے سے گزشتہ روز اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹر ی پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید،سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کے مارچ اور رائیونڈ میں جلسے کیلئے سکیورٹی انتظامات اور خصوصاً وزیر اعظم ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں رائے ونڈ جانے والے راستوں کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے 9مقامات پر کنٹینرزلگا کر راستے بند کیے جائیں گے تاہم پی ٹی آئی کے قافلوں کو پی ٹی آئی مارچ یا جلسے میں میں جانے سے نہیں روکا جائے گا ۔لاہور پولیس اپنا حتمی سکیورٹی پلان و حکمت عملی 21ستمبر کو پیش کرے گی جس کا جائزہ لینے کے بعد اسکی حتمی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں جاتی امراء کی سکیورٹی کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے لئے کئی لیئر پر مشتمل سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا ۔