اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے علاقے بھارہ کہو سے مبینہ طور پر افغان انٹیلی جنس کے اہلکار کو پولیس نے گرفتار کرلیا‘ غیر ملکی باشندہ صرف فارسی بولتا ہے اور اس کے پاس پاکستان میں قیام سے متعلق کوئی دستاویز نہیں تھی۔ پولیس نے افغان باشندے سے تفتیش شروع کردی اور پاکستان میں افغان سفارتخانے کو اس سے متعلق آگاہ کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھارہ کہو کے علاقے سے مشتبہ افغان باشندے کو گرفتار کیا گیا جس کے پاس پاکستانی ویزہ سمیت کسی قسم کی کوئی دستاویز نہیں اور یہ فارسی کے علاوہ کوئی زبان نہیں سمجھتا اور نہ ہی بولتا ہے۔ غیر ملکی کو تھانہ بھارہ کہو منتقل کردیا گیا جہاں اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افغان باشندہ مبینہ طور پر انٹیلی جنس اہلکار ہے جو یہاں کسی مشن پر بھیجا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتاری سے متعلق اسلام آباد میں افغانستان کے سفارتخانے کو بھی آگاہ کردیا گیا۔ پولیس ذارئع کے مطابق تفتیش جاری ہے خصوصی مشن پر بھیجے جانے والے افغان ایجنٹ سے تہلکہ خیز انکشافات متوقع ہیں۔واضح رہے کہ بہارہ کہو وفاقی دارلحکومت کے پہلو میں واقع انتہائی حساس علاقہ ہے۔