قاہرہ(آئی این پی)مصر کے ایک جج نے بحیر احمر کے دو جزیرے سعودی عرب کو لوٹانے کے حکومتی فیصلے کو منسوخ کر دیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے ایک جج نے بحیر احمر کے دو جزیرے سعودی عرب کو لوٹانے کے حکومتی فیصلے کو منسوخ کر دیا ہے ۔مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے سعودی شاہ سلمان کے دورے کے موقعے پر اعلان کیا تھا کہ تیران اور صنافیر سعودی عرب کے حوالے کر دیے جائیں گے۔اس اعلان کے بعد ہونے والے احتجاج مظاہروں میں 150 سے زائد لوگوں کو جیل بھیجا گیا جن میں سے زیادہ تر یا تو آزاد کر دیے گئے یا ان کی سزا میں کمی کر دی گئی۔منگل کو آنے والا یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے اور اسے اعلی عدالت کے فیصلے سے بدلا بھی جا سکتا ہے۔تیران و صنافیر غیر آباد جزیرے ہیں اور یہ خلیج العقبہ کے دہانے پر واقع ہیں۔صدر السیسی کی جانب سے جزیروں کی حوالگی کے فیصلے پر بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی اور کشیدگی پیدا ہوئی۔ جس کے بعد انھیں اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہنا پڑا کہ یہ جزیرے ہمیشہ سے سعودی عرب کے تھے۔مصری فوج ان جزیروں پر سنہ 1950 سے سعودی عرب ہی کی درخواست پر تعینات ہے۔تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ جس انداز میں السیسی نے انھیں لوٹایا ہے وہ غیر آئینی ہے۔منگل کو مصر کی ایک انتظامی عدالت نے اس حوالے سے دائر ایک مقدمے میں فیصلہ سناتے ہوئے اس سرحدی معاہدے کو منسوخ کر دیا۔فیصلے میں کہا گیا یہ دونوں جزیرے مصر کے زیرِ اختیار رہیں گے۔اگر مصر کی اعلی انتطامی عدالت نے بھی اس فیصلے کی توثیق کر دی تو جزیروں کی حوالگی پر قانونی پابندی لگ جائے گی۔