کابل (این این آئی) افغانستان میں ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری طالبان اور داعش نے قبول کرلی ہے۔ دونوں جنگجو گروپوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ بم دھماکے ہمارے کارکنوں نے کئے ہیں ۔ پیر کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کابل میں نیپالی گارڈ پر خود کش حملہ میں 14اہلکار ہلاک اور 9زخمی ہو گئے جبکہ شمالی مشرقی صوبہ بدخشاں میں موٹر سائیکل پر نصب بم کے دھماکے میں 8افراد ہلاک ہو گئے ۔ ان دونوں واقعات کے بعد طالبان اور داعش نے حملوں کی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ حملے ہم نے کئے ہیں۔ داعش نے خود کش بمبار کا نام اور تصویر بھی جاری کی جبکہ طالبان نے داعش کے دعوے کو مسترد کردیا ہے اور کہاہے کہ کارروائی ہمارے کارکنوں نے کی ہے ۔ افغان خفیہ اداروں نے اس حوالے سے تحقیقات تیز کردی ہیں۔