نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کے لیے بھارت چین کی منتیں کرنے لگا ، بھارتی سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر کے چین کے خفیہ دورے کا انکشاف ہوا ہے ، بھارت نے چین کو کسی بھی ملک کے ممبر بننے کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی بھی کرا دی ۔بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے سولہ ،سترہ جون کو چین کا خفیہ دورہ کیا ۔ جہاں انہوں نے چین کے وزیر خارجہ وینگ ی سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں نیو کلئیر سپلائر گروپ کے لیے چین کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ۔بھارت نے چین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے نیو کلئیر سپلائر گروپ میں شامل ہونے کے لیے روکاوٹ نہیں بنے گا ۔بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق ایس جے شنکر نے دورہ چین میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کی جس میں نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہوئی۔بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر کا حالیہ ہفتوں میں یہ چین کا دوسرا دورہ ہے ۔ نیو کلئیر سپلائر گروپ کا اجلاس 24 جون کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ہو گا ۔دوسری طرف بھارتی وزیرا عظم نریندر مودی اور چین کے صدر ژی جن پنگ کے درمیان شنگھائی تنظیم تعاون اجلاس کے موقع پر 23 جون کو تاشقند میں ملاقات ہو گی ۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ بھارت این ایس جی کا رکن نہیں اس لئے پاکستان کی مخالفت نہیں کرسکتا ہم چاہتے ہیں کہ ہر ملک اپنی اہلیت کے تحت این ایس جی کی رکنیت حاصل کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے بھی 23ممالک سے رابطہ کیا ہے کچھ نے تشویش ظاہر کی ہے۔ ہم کسی بھی ملک کی رکنیت کی مخالفت نہیں کریں گے۔