ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے وزیردفاع سیرگی شویگو اچانک دورے پر شام پہنچ گئے جہاں انہوں نے صدر بشارلاسد سے بھی ملاقات کی ۔ عرب ٹی وی کے مطابق روسی وزیردفاع سیرگی شویگو کل اچانک شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے جہاں صدر بشارالاسد بھی ان کی اچانک آمد پر حیران تھے۔ صدر اسد نے روسی وزیردفاع کا شاندار استقبال کیا اور ان کی آمد کو اپنے لیے ’خوش گوار حیرت‘ قرار دیا۔روسی وزیردفاع نے دمشق میں صدر بشارالاسد سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بشارالاسد کا کہنا تھا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی، آپ کی اچانک آمد خوش گوار حیرت ہے۔ اس کے بعد وہ مسکرائے۔روسی ذرائع ابلاغ نے وزیردفاع کے دورہ شام کی دمشق پہنچنے اور صدر بشارالاسد کے ساتھ ملاقات کی ایک ویڈٰیو نشر کی ہے جس میں انہیں آپس میں بات چیت کرتے دکھایا گیا ہے۔ بہ ظاہر ایسے لگتا ہے کہ دونوں رہ نما کسی اور شخصیت کی آمد کے بھی منتظر ہیں۔اس موقع پر صدر بشارالاسد کا کہنا تھا کہ میں روسی آرمی چیف یا کسی دوسری شخصیت سے ملاقات کا منتظر تھا تاکہ ان کے ساتھ عسکری امور پر تبادلہ خیال کر سکوں۔ بشارالاسد کا کہناتھا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ آپ تشریف لا رہے ہیں۔بعض ذرائع ابلاغ نے روسی وزیردفاع کے اچانک دورہ دمشق اور بشارالاسد کے محل میں پہنچنے کو شامی صدر کے لیے توہین آمیز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے وی آئی پی شخصیت کا دورہ اس بات کا عکاس ہے روس کے نزدیک بشارالاسد کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔