اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عسکری قیادت ایوان کو آپریشن عزمِ استحکام پر اعتماد میں لے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی بھی آپریشن ہو، کسی بھی صوبے میں ہو ایوان نے پیرامیٹرز متعین کیے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وفاقی حکومت فیصلہ کرنے سے پہلے ایوان میں اس ایشو کو لائے، پہلے بھی عسکری قیادت ایوان میں آ کر بریفنگ دے چکی ہے، کوئی بھی ایپکس کمیٹی اس ایوان سے بالا نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ باوجود اس کے کہ اس ایوان میں اجنبی بیٹھے ہیں لیکن پھر بھی یہ ایوان ہے، فوجی آپریشن کے لیے پیرامیٹرز طے ہونے چاہئیں، یہ ایوان سپریم ہے، ایوان کی بالا دستی قائم ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ یہ ایوان چلے، اسپیکر ایوان کے کسٹوڈین بنیں پارٹی نہ بنیں، اسپیکر کا کردار غیر جانبدارانہ نہیں، کے پی میں آپریشن کا فیصلہ کیا گیا جس پر ہمیں اعتراض ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت نے کسی بھی معاملے پر اس ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا، اس ایوان سے فیصلہ لیا جائے پھر کوئی کارروائی کی جائے، ہم تمام ملکی معاملات پر بیٹھنے کو تیار ہیں، ہم سی پیک کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں بیٹھے تھے، ہم پاکستان دشمن نہیں ہیں۔