حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بھی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا تذکرہ کرتے تھے تو ان کی خوب تعریف کرتے تھے۔ ایک دن مجھے بڑی غیرت آئی اور میں نے کہا کہ آپ کیا اتنی کثرت کے ساتھ ایک سرخ مسوڑھوں والی عورت کا ذکر کرتے رہتے ہیں , جس کے بدلے میں اللہ نے آپ کو اس سے بہتر بیویاں دے دیں؟
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: “اللہ نے اس کے بدلے میں مجھے اس سے بہتر کوئی بیوی نہیں دی۔وہ مجھ پر اس وقت ایمان لائی جب لوگ کفر کر رہے تھے۔ میری اس وقت تصدیق کی جب لوگ میری تکذیب کر رہے تھے۔ اپنے مال سے میری ہمدردی اس وقت کی جب کہ لوگوں نے مجھے اس سے دور رکھا۔ اور اللہ نے مجھے اس سے اولاد عطا فرمائی جبکہ میری دوسری بیویوں سے میرے یہاں اولاد نہ ہوئی”۔ ]مسند احمد۔مسند عائشہ۔حدیث#25376[₹ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “)اپنے زمانے میں( حضرت مریم علیہا السلام سب سے افضل عورت تھیں۔ اور )اس امت میں( حضرت خدیجہ )رضی اللہ عنہا( سب سے افضل ہیں”۔ ]صحیح بخاری۔کتاب مناقب الانصار۔حدیث#3815[ ₹ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ جبرائیل علیہ السلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا: “یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ کے پاس ایک برتن لئے آ رہی ہیں۔ جس میں سالن یا کھانا یا پینے کی چیز ہے۔
جب وہ آپ کے پاس آئیں تو ان کے رب کی جانب سے انہیں سلام پہنچا دیجئیے گا , اور میری طرف سے بھی۔ اور انہیں جنت میں موتیوں کے ایک محل کی بشارت دے دیجئیے گا ، جہاں نہ شور و ہنگامہ ہوگا اور نہ تکلیف و تھکن ہوگی”۔ ]صحیح بخاری۔کتاب مناقب الانصار۔حدیث#3820