وزیرآباد(این این آئی) چیمہ کالونی میں بڑی بہن نے چھریاں مار کر چھوٹی بہن کو قتل کر دیا، پولیس نے ذہنی مریضہ قاتلہ کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے علاقہ چیمہ کالونی میں بڑی بہن نے مبینہ طور پر چھریاں مار کر اپنی چھوٹی بہن کو قتل کر دیا اہلخانہ واقعہ کو چھپانے کی ناکام کوشش کرتے رہے تاہم پولیس چوکی اسپتال کے ملازمین نے معاملہ مشکوک جان کر تفتیش کی تو حقیقت عیاں ہو گئی۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 26 سالہ اسوہ نے اپنی چھوٹی بہن 20 سالہ صالحہ کو گھر میں معمولی رنجش پر طیش میں آ کر چھریاں مار دیں خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے صالحہ کی حالت غیر ہو گئی زخمی حالت میں بچی کو سول اسپتال وزیرآباد منتقل کیا گیا تاہم زخمی صالحہ جانبر نہ ہو سکی۔ مقتولہ بچی صالحہ کے اہلخانہ نے صحافیوں کو واقعہ کی بابت موقف دینے سے انکار کر دیا پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کو بڑی بہن نے چھریاں مار کر قتل کیا اور وجہ قتل گھریلو تنازعہ معمولی رنجش تھی ،قاتلہ ذہنی مریضہ تھی جس نے طیش میں آکر چھوٹی بہن کو چھریوں کے وار کر کے قتل کیا پولیس نے قاتلہ کو حراست میں لیا تاہم مقتولہ بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ قاتلہ ذہنی مریضہ اور ایک بچے کی ماں ہے ،ذہنی توازن درست نہ ہونے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا ہے لہٰذا وہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔