لاہور( این این آئی)جناح ہائوس میں جلائو گھیرائو کرنے کے الزام میں گرفتار خدیجہ شاہ اورکرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمدخان بھٹی نے آئی جی جیل خانہ جات کو جیل میں بی کلاس کیلئے درخواست دیدی،تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی درخواست دہشتگردی کے مقدمہ میں ملوث ہونے کی وجہ سے مسترد کردی گئی ۔
جیل حکام کے مطابق بی کلاس کے لئے موصول ہونے والی دونوں درخواستیں میرٹ پر ہوئیں تو محکمہ داخلہ کوبھجوائی جائیں گی،محکمہ داخلہ کی منظوری کے بعدسہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ جیل حکام کے مطابق بی کلاس میں چارپائی،کرسی میز،گھر کا کھانا اور مشقتی فراہم کیا جاتا ہے۔9مئی کے واقعات کے بعد جیلوں میں تحریک انصاف کے شرپسندوں کولائے جانے کے بعد تمام قیدیوں کے گھر کے کھانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔جیل حکام کے مطابق تمام جیلوں میں 28قیدیوں کوگھر کے کھانے کی سہولت دی جارہی تھی۔ڈاکٹر ز کی ہدایات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اورسابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے خصوصی کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔بی کلاس کی منظوری کے بعدفیصلہ کیا جائے گا کہ کھانا جیل سے فراہم کیا جائے یا گھر سے منگوانے کی اجازت دی جائے۔