اسلام آباد (این این آئی)وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت 1 جولائی 2023 سے شروع ہونے والے اگلے مالی سال میں چین سے سینکڑوں ہائبرڈ بسیں خرید یگی۔ گوادر پرو سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبے کو عوام کی سہولت کیلئے بسوں کی ضرورت ہے
ہم نے حال ہی میں چین سے بسیں خریدی ہیں، اور وہ بہت زیادہ ایندھن کی بچت کرتی ہیں،ہم آنے والے مہینوں میں مزید خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ میمن نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سندھ میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی بسیں فائدہ مند رہی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ چینی ٹیکنالوجی سے مزید فائدہ اٹھایا جائیگا اس سے قبل سندھ حکومت نے مالی سال 2023-24کے صوبائی بجٹ میں 500 ہائبرڈ بسوں کی خریداری کیلئے 10 ارب روپے مختص کیے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہفتہ کو صوبائی بجٹ پیش کرتے ہوئے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کیلئے کل 13.4 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 6.1 بلین روپے انٹرا ڈسٹرکٹ پیپلز بس سروس کیلئے اور 2 بلین روپے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، حکومت نے نئے رو ٹس کیلئے 600 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ سندھ سیکرٹریٹ کے ملازمین کی سہولت کے لیے آئندہ سال سے تین نئے روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جو کہ وزیر خزانہ بھی ہیں نے سندھ اسمبلی میں مالی سال 2023-24کا بجٹ پیش کیا، سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ صوبے کے بجٹ کا کل تخمینہ 2.2 ٹریلین روپے لگایا گیا ہے۔