ایک بار پھر بارشوں کی پیشگوئی
لاہور ( این این آئی) محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ بھی ٹھنڈا گزرنے کی پیش گوئی کردی، بارش برسانے والا نیا سسٹم 15 اپریل کو داخل ہوگا۔محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کردی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14اپریل سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، 15اپریل سے بارش برسانے کا نیا اسپیل پنجاب میں داخل ہوگا۔محکمہ موسمیات نے بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا، جس میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم میں آندھی اور موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔میٹ آفس کا کہنا ہے کہ 17اور 18اپریل کو وزیرستان، کوہاٹ، کرم، ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہا الدین، بھکر، خوشاب، میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔واضح رہے کہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں موسم قدرے بہتر رہا اور بارشیں بھی ہوئیں تاہم دوسرے عشرے میں گرمی کی شدت بڑھ گئی تھی۔