لاہور(این این آئی)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر برآمدی صنعتوں کے لیے سستی بجلی کی سہولت واپس لے لی گئی۔وزارت توانائی نے زیرو ریٹڈ برآمدی صنعتوں اور زرعی صارفین کے لئے سستی بجلی کی سہولت ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔وفاقی حکومت برآمدات کے فروغ کے لیے
اہم برآمدی صنعتوں اور زرعی صارفین کو سستی بجلی فراہم کررہی تھی۔برآمدی شعبے کیلئے بجلی 19.99 روپے فی یونٹ پر فراہم کی جارہی تھی۔ یہ سہولت ٹیکسٹائل، کارپٹس، اسپورٹس، سرجیکل اور چمڑے کی صنعتوں کو حاصل تھی۔اس سہولت کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ نے اکتوبر 2022 میں کیا تھا، برآمدی شعبے کو حاصل سستی بجلی کی سہولت یکم مارچ سے ختم ہوگئی ہے۔ کسان پیکج کے تحت دی گئی سبسڈی انٹرنیشنل بھی آئی ایم ایف کی شرائط پر واپس لی گئی۔کسان پیکچ کے تحت زرعی صارفین کو بجلی پر 3.60 روپے فی یونٹ سبسڈی دی گئی تھی جو واپس لے لی گئی ہے۔زرعی صارفین کو اب بجلی 13 روپے کے بجائے 16.60 روپے فی یونٹ ملے گی۔بجلی مہنگی ہونے کے بعد وفاقی حکومت کو زرعی صارفین سے جون تک 14 ارب روپے حاصل ہوں گے۔پاور ڈویژن نے فیصلے پر عملدر آمد کے لیے کے الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو خط لکھ دیا ہے اور خط کی نقول وزارت خزانہ اور وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کو بھی بھجوا دی گئی۔