نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں دوست کی جانب سے نجی تصویریں دوسرے دوستوں کو دکھانے پر میڈیکل کی طالبہ نے خودکشی کرلی۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جس لڑکے نے تصاویر دوسروں کے ساتھ شیئر کیں، آنجہانی طالبہ اسی کی محبت میں گرفتار تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان جب دوریاں بڑھنے لگیں تو طالب علم نے لڑکی کی تصویریں دوسرے دوست کے ساتھ شیئر کرنا شروع کردیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے پر دلبرداشتہ اس لڑکی نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، جس کی لاش اس کے ایک رشتہ دار کے گھر میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔ متوفی طالبہ کے والدین کا کہنا تھا کہ دو طلبہ کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے بعد ان کی بیٹی نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔