لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹی ایل پی کی ڈنڈا بردار فورس نے تاجروں کے انکار پر لاہور میں کشمیر بلاک، کراچی بلاک، اعظم مارکیٹ اور دیگر بازاروں کو زبردستی بند کرادیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ایل کی جانب سے آج مہنگائی کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
تاجروں نے ٹی ایل پی پر زبردستی دکانیں بند کرانے کا الزام عائد کیا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کی ڈنڈا بردار فورس نے کشمیر بلاک، کراچی بلاک، اعظم مارکیٹ، نیو عالمگیر مارکیٹ شاہ عالم اور اطراف کو زبردستی بند کرادیا، یہ لوگ دینی نعرے لگا رہے ہیں اور دکانیں کو زبردستی بند کرا رہے ہیں۔صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ اور صدر اعظم کلاتھ مارکیٹ کشمیر بلاک ملک زمان نے بتایا کہ تحریک لبیک کے کارکنان 50 موٹر سائیکلوں پر ٹولیوں کی شکل میں مارکیٹوں میں گھوم رہے ہیں، بند روڈ نیازی اڈہ، شیزان فیکٹری کے اطراف بھی دکانیں بند کرادیں۔اطلاعات ہیں کہ بند روڈ کے قریب شہر کی سب سے بڑی فرنیچر مارکیٹ کے تاجران بھی پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ دینی نعرے کو جواز بنا کر کسی پر بھی چڑھائی کردیتے ہیں، نہ ان کے خلاف ہیں نہ حق میں، ایسے حالات میں فرنیچر مارکیٹ بند کردیں گے۔اسی طرح اچھرہ بازار میں تحریک لبیک کے جتھے نے دکانیں بند کرادیں۔ تحریک لبیک کے کارکنان کا جتھا ہال روڈ بھی پہنچ گیا۔ تحریک لبیک کے کارکنان نے ہال روڈ کا داخلی راستہ بند کردیا۔ تحریک لبیک زبردستی شہر میں ہڑتال کروانے پر تل گئی، پیپر مارکیٹ گنپت روڈ بھی تحریک لبیک کے کارکنان نے بند کرادیے۔