اسلام آ باد (نیوز ڈیسک)ایران کے صوبہ ہرمزگان میں واقع جزیرہ ہرمز ایک منفرد اور دل کش منظر کا مرکز بن گیا، جہاں ساحل کے قریب سمندری پانی غیر معمولی طور پر سرخ دکھائی دینے لگا۔ اس منظر نے مقامی افراد اور سیاحوں دونوں کو حیرت زدہ کر دیا۔ماہرین کے مطابق اس تبدیلی کی بنیادی وجہ جزیرے کی وہ مٹی ہے جس میں آئرن آکسائیڈ کی مقدار بہت زیادہ پائی جاتی ہے۔ شدید بارشوں کے بعد یہ سرخی مائل مٹی بہہ کر سمندر میں شامل ہوئی، جس کے نتیجے میں ساحلی پانی کا رنگ بدل گیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر کو ہونے والی موسلادھار بارشوں نے علاقے میں نقصان بھی پہنچایا، جبکہ اسی بارش نے آئرن آکسائیڈ سے بھرپور مٹی کو بہا کر سمندر کی لہروں تک پہنچایا، جس سے پورا ساحلی علاقہ سرخ رنگ میں ڈھل گیا۔ماہرین اس منظر کو اگرچہ ایک قدرتی عمل قرار دیتے ہیں، تاہم اسے دیکھ کر لوگ حیرت اور دل چسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔















































