اسلام آ باد (نیوز ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری پہلی بار ایک ایسے پروجیکٹ کی نمائش کے لیے تیار ہے جو مکمل طور پر جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تخلیق کیا گیا ہے۔ دی نیکسٹ صلاح الدین (The Next Salahuddin) نامی یہ فلم 19 دسمبر سے ملک بھر کے سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔فلم کے خالق، پروڈیوسر اور ہدایت کار فرحان صدیقی نے پریس کانفرنس کے دوران اس منفرد فلم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پروجیکٹ پاکستانی سینما میں تکنیکی پیش رفت کی ایک نئی مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم بنانے کا بنیادی مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنا اور عالمی سطح پر امن، انسانی احترام اور حقوق کا پیغام عام کرنا ہے۔
فرحان صدیقی کے مطابق اس فلم کی تخلیق میں مصنوعی ذہانت بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ اسکرپٹ سے لے کر کرداروں کے ڈیزائن اور بصری مناظر تک ہر مرحلہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دی نیکسٹ صلاح الدین پاکستانی فلم سازی میں نئی راہیں کھولے گی اور یہ ظاہر کرے گی کہ ٹیکنالوجی کے جدید خطوط پر کام کرتے ہوئے کہانی سنانے کے انداز کو کس طرح مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ یہ فلم ٹیکنالوجی اور انسانی قدروں کے ملاپ کی علامت ہے، جو اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ جدید تخلیقی آلات کس طرح معاشرتی پیغامات کو زیادہ طاقتور بنا سکتے ہیں۔















































