اسلام آ باد (نیوز ڈیسک) محکمہ ای ٹی پی بی کے عملے کی تنخواہوں، ہاؤس رینٹ الاؤنس اور پنشن میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین قمرالزمان نے ملازمین کے مالی مراعات میں اضافہ کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ بجٹ 2025-26 سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ای ٹی پی بی ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔مراعات میں اضافے کے فیصلے کے بعد محکمے کے ملازمین نے چیئرمین قمرالزمان اور دیگر اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین کی آمد پر ہیڈ آفس میں ملازمین نے ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے پھول نچھاور کیے۔اس موقع پر چیئرمین قمرالزمان نے کہا کہ ملازمین کے جائز حقوق اور ان کے مطالبات کی تکمیل ہمیشہ ان کی ترجیح رہے گی۔ انہوں نے ہیڈ آفس میں قائم واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا اور پانی کا معیار چیک کیا۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پانی کے نمونوں کا لیبارٹری ٹیسٹ بھی کرایا جائے۔















































