اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری قانونی طریقے سے ہوئی،کس نے اجازت دی جو منہ میں آئے کہنا شرو ع کر دیں، عمران نیازی اپنی حکومت گرانے کا خود ہی موجب بنا،پاکستان کو بچانے کیلئے عمران خان حصے کی گالیاں اور نزلہ اپنے کندھوں پر لیا،جو لوگ ریاست پاکستان کو
ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھائیں گے انکی جگہ جیل ہوگی،اگر ایک وزیر اعظم کو تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیجا گیا تو دوسرے کو بیٹی چھپانے پر گھر بھیجنا ہوگا،دھونس اور دباو سے مرضی کے فیصلے لینے کا رواج کہیں تو رکے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے بدھ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عابد شیر علی نے کہاکہ چند روز سے ملک میں عجیب کشمکش اور منظر ہے، گزشتہ حکمران نے پاکستان کی سالمیت اور معیشت کے ساتھ کھیلا،عمران خان ساڑھے 3 سال پاکستان کی اقتصادی تباہی کا موجب بنا،عمران نیازی اپنی حکومت گرانے کا خود ہی موجب بنا،جادو ٹونے کا راج اور قانون شکنی کی اور جگ ہنسائی کی۔ انں نے کہاکہ فواد چوہدری کی گرفتاری قانونی طریقے سے ہوئی،آپ کو کس نے اجازت دی کہ آپ جو منہ میں آئے کہنا شروع کردیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک آزاد خود مختار الیکشن کمیشن ہے جسکی یہ خود بھی تعریفیں کرتے تھے، اب تنقید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی حکومت کو ناجائز طریقے سے سبکدوش کیا گیا،پاکستان کو ایک شیطان سے واپس لیا گیا ہے،ان کے حصے کی گالیاں وہ بھی نزلہ ہم نے اپنے کندھوں پر لیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لوگوں پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور یہ کہتے تھے ٹھیک ہوا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے پاس جو نام آئے اس میں سے ایک نگران وزیر اعلیٰ لگایا گیاجو قانون اور آئین کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان کے ریاستی ادارے ہیں، 23 کروڑ عوام کا ملک ہے۔ انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری کا ایکسرے کروائیں تو اس میں سے گند ہی نکلنا ہے،جو لوگ ریاست پاکستان کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھائیں گے انکی جگہ جیل ہوگی۔ عابد شیر علی نے کہاکہ فواد چوہدری کو پاکستانی دفعات کے مطابق پکڑا گیا ہے،یہ کوئی سیاسی کیس نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائیگا۔معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو درخواست موصول ہوئی،فواد چوہدری کا بیان سنگین جرم ہے،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے جسکا سربراہ آئینی عہدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کی مقامی عدالت نے ٹرانزٹ ریمانڈ دیا ہے،
لاہور ہائیکورٹ کے جج سے التجا ہے انصاف کا معیار دہرا نہیں ہوسکتا،نہال ہاشمی کو 6 ماہ کے لئے قید ہوئی تھی،یہ ہی بات کسی عام آدمی نے کی ہوتی تو وہ رات سے پہلے جیل میں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ دھونس اور دباو سے مرضی کے فیصلے لینے کا رواج کہیں تو رکے گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایک وزیر اعظم کو تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیجا گیا تو دوسرے کو بیٹی چھپانے پر گھر بھیجنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری ایک طاقتور آدمی ہے کس نے اختیار دیا کہ وہ ادارے کے لوگوں کو دھمکی دے،اگر انہیں آج نہ روکا گیا تو عدلیہ اور اداروں کو گلی گلی دھمکیاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ان کے خلاف کیسز میں سنگین اور حیران کن انکشاف ہورہے ہیں،عمران خان کی سائفر کیس میں قید اور ٹریان کیس میں نااہلی بنتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کے مطابق اپنا عمل رکھا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے سیاسی مشکل کبھی دیکھی نہیں،عمران خان نے ایک دن جیل میں نہیں گزارا۔