اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے نگران وزیر اعلی پنجاب کیلئے دو نام گورنر محمد بلیغ الرحمان کو بھجوا دیئے۔نجی ٹی وی کے مطابق گورنر ہاؤس کو مسلم لیگ ن کی جانب سے خط ارسال کر دیا گیا،گورنر ہاس حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف
کی جانب سے بھجوایا گیا خط موصول ہو گیا ہے۔ تحلیل ہونے والی پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی طرف سے گورنر پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی جانب سے دئیے گئے ناموں سے متفق نہیں ہوں۔ حمزہ شہباز شریف کی طرف سے نگران وزیر اعلیٰ کے لئے سید محسن رضا نقوی اور احد خان چیمہ کے نام بھجوائے گئے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اپنے نمائندے کے طور پر ملک محمد احمد خان نامزد کر رہاہوں جو نگران وزیر اعلیٰ کے معاملات پر کوارڈی نیٹ کریں گے۔ دوسری جانب پنجاب میں نگران سیٹ اپ بارے مشاورت کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور چودھری شجاعت کو ٹیلی فون کیا۔شہباز شریف نے جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کیا، صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجویز کردہ ناموں پر اعتماد میں لیا۔واضح رہے کہ، احد خان چیمہ سابق بیوروکریٹ رہے، ڈی جی ایل ڈی اے، سیکرٹری ہائیرا یجوکشین پنجاب تعینات رہ چکے ہیں، احد خان چیمہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔احد چیمہ نے گزشتہ سال جون میں سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی تھی، احد چیمہ کو شہباز شریف نے مشیر وزیراعظم برائے اسٹیبلشمنٹ مقرر کیا تھا۔