اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی فیملی کے مزید 2 افراد نے ملکی سیاست میں قدم رکھنے کی تیاری پکڑ لی ہے ۔
نجی ٹی وی چینل “ڈان نیوز “کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز اور نواز شریف کے نواسے, مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کو بھی سیاسی دنگل میں پنجہ آزمائی کیلئے اتارنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اسی سلسلے میں سلیمان شہباز کو آئندہ چند روز میں پارٹی عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے اور وہ الیکشن میں بھی حصہ لیں گے جبکہ جنید صفدر کو این اے 127اور 128سے ٹکٹ دیئے جانے کا امکان ہے لیکن جنید صفدر کے حوالے سے حتمی فیصلہ مریم نواز نے کرنا ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے بیٹے جنید صفدر نے مستقل طور پر پاکستان میں آباد ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق جنید صفدر والدہ مریم نواز کی سیاست میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جنید صفدر اپنی اہلیہ عائشہ کے ہمراہ جمعہ کو دوحہ سے پاکستان پہنچیں گے۔