اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے معیشت کے حوالے سے وائٹ پیپر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودیہ سے امداد رواں ماہ مل جائے گی، پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 30 جون 2023 تک ملک کی مالی پوزیشن پہلے سے بہت بہتر ہوگی، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کریگا لہٰذا عوام پریشان نہ ہوں، ڈیفالٹ کی گردان بند کریں اور منفی ماحول سے معیشت کو نقصان ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اداروں کی نجکاری کریں گے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام مکمل کرے گی، پاکستان نے جو آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہے اس کو نبھایا جائیگا۔