لاہور( این این آئی) برف باری کے بعد ملک کے بالائی علاقوں میں خون جماتی سردی کا راج ہے جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گزشتہ روز بھی دھند کے باعث متعدد مقامات پر موٹر ویز کو بند کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق استور میں پارا منفی گیارہ ڈگری تک گر گیا،
اسکردو منفی آٹھ اور ہنزہ میں منفی چھ ڈگری رہا، قلات میں بھی منفی چھ اور کوئٹہ میں منفی تین ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ادھر پشاور میں درجہ حرارت صفر، لاہور میں 8، کراچی میں کم سے کم گیارہ اور لیہہ میں منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج رہا اور متعدد مقامات پر موٹر ویز کو بند کیا گیا ۔پنجاب میں پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹر وے ایم-3، فیض پور سے رجانہ تک، ملتان فیصل آباد موٹر وے ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک بند کی گئی ۔ سکھر ملتان موٹر وے ایم-5 مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ۔ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 دھند کے سبب مکمل بند کردی گئی جبکہ قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہوئی۔موٹر وے پولیس کی جانب سے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔