ممبئی (آئی این پی ) بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا (بی سی سی آئی)نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے آل رانڈر ہاردک پانڈیا کو باقاعدہ طور پر ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 3 جنوری سے بھارت میں شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز کے لیے بھارتی ٹیم میں روہت شرما، کے ایل
راہول اور ویرات کوہلی شامل نہیں ہیں اور ٹیم کا کپتان ہاردک پانڈیا کو مقرر کیا گیا ہے اور سوریا کمار یادیو ان کے نائب ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما سری لنکا کے خلاف 10 جنوری سے شروع ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے اور ہاردک پانڈیا ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ پانڈیا کو انجری کا شکار روہت کی جگہ عارضی طور پر ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے یا پھر وہ ٹی 20 ٹیم کے مستقل کپتان ہوں گے۔ بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنٹ ٹی 20 اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جبکہ ایشان کشن کو دونوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ رشبھ پنٹ کے علاوہ شیکر دھون جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی تھی وہ بھی ایک روزہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔