لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے معاشی ٹیم کو ملک کو موجودہ نازک معاشی حالات سے باہر نکلنے کیلئے ہوم ورک کی تیاری کا کہہ دیا ہے ۔
ان شا اللہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے آئیں گے اور معیشت کی مضبوطی کے لئے بلا تاخیر عملی پیشرفت کی جائے گی ۔ اپنے بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ نام نہاد تجربہ کاروں نے ملک کومعاشی طور پر دلدل میں دھنسا دیا ہے ،غیر ملکی امانتوں کے ذریعے معیشت کو تقویت نہیں مل سکتی ، درآمدات کی ادائیگیوں کے لئے زر مبادلہ کے ذخائر میں صرف ایک ماہ کے پیسے باقی رہ گئے ہیں جس سے تشویش بڑھ رہی ہے ۔ا نہوںنے کہا کہ عمران خان نے زراعت ، صنعت ، تعمیرات سمیت ہر طرح کی بڑی صنعتوں کی گروتھ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز جس کا معیشت میں کلیدی کردار ہے اس کی ترقی کے لئے بھی ہوم ورک کیا جارہا ہے اور حکومت میں آتے ہی عملی پیشرفت شروع کر دیں گے تاکہ ملک کی منجدھار میں پھنسی کشتی کو کنارے لگایا جا سکے۔