لاہور(این این آئی)سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے ڈیلی میل کی جانب سے مقدمے سے دستبرداری کو سیٹلمنٹ قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہزاد اکبر نے کہا کہ کیس میں جب نیب ہی لیٹ ہوگیا تو ڈیلی میل کیا کرتا؟،ڈیلی میل کہہ رہا ہے کہ نیب نے تو شہباز شریف کو چارج ہی نہیں کیا۔ڈیلی میل نے کہا کہ
چونکہ نیب نے شہباز شریف کو برطانوی حکومت یا اس کے ادارے ڈیفڈ کے مال کو خرد بردکرنے کے الزام پر چارج نہیں کیا لہٰذاادارہ اس الزام کی حد تک معذرت خواہ ہے اور تصحیح کرتا ہے۔سابق مشیر احتساب نے لکھا کہ جب نیب نے چارج نہیں کیا تو برطانوی حکومت یا ڈی ایف آئی ڈی چارج کیسے کرتی؟، ڈیلی میل لکھتا ہے کہ متاثرین کے فنڈزمیں خرد برد کے الزام کی حد تک معذرت خواہ ہے۔شہزاداکبر نے کہا کہ اس کیس میں شہبازشریف نے عدالت کاجرمانہ بھی ادا کردیاہے،اب کوئی ان سے تصدیق کرلے، میری نظر میں ڈیلی میل کی معذرت مقدمے کی سیٹلمنٹ لگتی ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیر اعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی۔برطانوی اخبار ڈیلی میل نے 14 جولائی 2019 کو ایک آرٹیکل میں الزام لگایا تھا کہ شریف خاندان نے سیلاب زدگان کے فنڈز میں چوری کی۔ڈیلی میل کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے شہباز شریف کے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی گئی تھی، قومی احتساب بیورو نے کہا تھا کہ چوری ہونے والی رقم میں ڈی ایف آئی ڈی کی سیلاب زدگان کیلئے دی گئی گرانٹ بھی شامل تھی،اب ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ قبول کرتے ہیں کہ شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا، شہباز شریف سے معذرت خواہ ہیں۔