ڈھاکہ ( این این آئی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ہمیں سیکھنا ہو گا کہ ہمیں اسپنرز کے خلاف کیسے بیٹنگ کرنی چاہیے۔بھارتی میڈیا کے مطابق میچ پوسٹ پریس کانفرنس کے دوران روہت شرما نے کہا کہ پچ تھوڑی چیلنجنگ تھی، گیند بہت زیادہ ٹرن کر رہی تھی۔
ہمیں سمجھنا ہوگا کہ اس کنڈیشن میں کس طرح کھیلنا ہے۔روہت شرما نے کہا کہ ہم ایسے حالات کے عادی ہیں، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ان حالات میں اسپنرز کے خلاف کیسے بیٹنگ کی جائے۔بھارتی کپتان نے کہا کہ ہم نے اچھا ٹارگٹ سیٹ نہیں کیا تھا تاہم بولرز نے اچھی گیند بازی کی اور میچ کو اتنا قریب لے گئے۔واضح رہے کہ اتوار کے روز بنگلادیش نے بھارت کو 3ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم 41اعشاریہ 2 اوورز میں 186رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، بنگلادیش نے ہدف 46ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔میزبان ٹیم کے 136کے اسکور پر 9کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے،اسے وقت میں جیت بنگال ٹائیگر کا مقدر بن گئی، ہوا کچھ یوں کہ مہدی حسن کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار بولر مستفیض الرحمن آگئے۔دونوں کھلاڑیوں نے آخری 40 گیندوں پر بھارتی بولنگ کی خوب مزاحمت کی اور 50 رنز بٹورے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔