ویلنگٹن( این این آئی) بھارت کی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر ہاردک پانڈیا نے بھارتی ٹیم پر تنقید کرنے پر انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان کو جواب دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ،جب ہم اچھا پرفارم نہیں کرتے تو لوگ اپنی رائے دیتے ہیں جس کی ہمیں عزت کرنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کو فیورٹ سمجھنا بالکل فضول قرار دیا تھا۔ہاردک پانڈیا نے کہا کہ لوگوں کے مختلف خیالات ہوتے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔یہ ایک کھیل ہے جس کے لیے آپ بہتر کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔بھارتی آل رائونڈر نے کہا کہ ہمیں کچھ چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ان پر کام جاری ہے، مستقبل میں اسے درست کریں گے۔ہاردک پانڈیا نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ابھی بھارت کے لیے کھیل رہا ہوں، لیگ نہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو آئی پی ایل ٹیم میں لینے کے امکان سے متعلق سوال پر ہاردک پانڈیا نے کہا کہ ہاں کیونکہ وہ دوست ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد نے کین ولیمسن کو اس سال ریلیز کردیا جو کہ گزشتہ کچھ سیزنز سے ٹیم کے ساتھ کھیل رہے تھے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کین ولیمسن نے آئی پی ایل کی ٹیم کے اس فیصلے پر حیرانی کا اظہار نہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کچھ دن پہلے اس سے متعلق مجھ سے بات کی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق لیگ کے گزشتہ سیزن میں کپتان کین ولیمسن کی بیٹنگ کارکردگی خاص نہیں تھی اور ٹیم نے بھی آٹھویں پوزیشن حاصل کی تھی۔