کراچی،لاہور (این این آئی)سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیمز کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔ایک انٹرویومیں وسیم اکرم نے سیمی فائنل کیلئے آسٹریلیا ، بھارت ، پاکستان اور جنوبی افریقا کو فیورٹ ٹیمز قرار دیا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ
آسٹریلیا اچھا کھیل رہی ہے وہ کنڈیشن کو جانتے ہیں اور ان کے پاس اچھے بولر بھی ہیں اس کے علاوہ بھارت اور پاکستان سیمی فائنل کے مرحلے تک پہنچ جائیں گے۔وسیم اکرم نے ساؤتھ افریقا کو سیمی فائنل کیلئے چوتھی ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابل یقین ٹیم ہے جو کبھی بھی کچھ بھی کرسکتی ہے۔دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان جونیئر لیگ میں گوادر شارکس کے کوچ مشتاق احمد نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ شاہین کو آسٹریلین پچز پر مشکل ہو سکتی ہے۔سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے ایک انٹرویومیں کہا کہ شاہین آفریدی میچ ونر ہیں آسٹریلین پچز کے لیے ان کی فٹنس عروج پر ہونی چاہیے آسٹریلین پچز ہارڈ ہوتی ہیں شاہین آفریدی کی کمر اور گھٹنے پر سارا وزن پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ گھٹنے کی تکلیف کے بعد آنے کی وجہ سے آسٹریلین پچز پر انہیں مشکل ہوسکتی ہے، میرے گھٹنے کے3 آپریشن ہوئے مجھے آسٹریلین کنڈیشنز کا اندازہ ہے وہاں گراؤنڈ نرم اور پچز سخت ہوتی ہیں سارا وزن گھٹنے اور کمر پر پڑتا ہے۔