کراچی (این این آئی)مْلک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ، گلستان جوہر، لیاقت آباد سی ون ایریا، فیڈرل بی ایریا بلاک 13، 12، 11،
ناظم آباد بلاک نمبر 4 اور 3 میں ،کھارادر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ملیر ہالٹ اور رفاع عام میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے،گلشن جمال، ملینیم مال، ڈالمیا روڈ، گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے مختلف علاقوں سمیت سٹی کورٹس اور احتساب عدالتوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے مختلف علاقوں اور پی ای سی ایچ سوسائٹی میں بھی رہائشیوں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں جس کی تحقیقات کررہے ہیں۔علاوہ ازیں اندرون سندھ سے بھی بجلی کی بندش کی اطلاعات ملی ہیں، جیکب آباد، شکارپور، سبی، دادو، راجن پور، گھوٹکی سمیت رحیم یار خان شہر میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرِپ ہو رہے ہیں جس سے ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وزارتِ توانائی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کر رہی ہے اور جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیاجائے گا۔دریں اثنا واپڈا ذرائع نے بریک ڈائون کی وجہ گڈو تھرمل پاور ہائوس میں فنی خرابی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فنی خرابی کے باعث 6 یونٹ ٹرپ کر گئے جوکہ 832 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے تھے