کراچی،اسلام آباد(این این آئی)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی ناراضگی کے بعد ڈی سی جامشورو چھٹی پر چلے گئے۔سندھ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد کئی ڈپٹی کمشنرز کو عہدوں سے ہٹایا گیا تھا، بدانتظامی اور خراب کارکردگی پر قمبر شہداد کوٹ اور سکھر کے ڈپٹی کمشنرز کا تبادلہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جامشورو کے ڈپٹی کمشنر فرید مصطفی طویل عرصے سے تعینات تھے تاہم سیہون اور دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال پر وزیراعلی سندھ ڈپٹی کمشنر پر ناراض تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ناراضگی کے بعد ڈی سی جامشورو فرید مصطفی رخصت پر چلے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ ہائوس کے ایڈیشنل سیکرٹری آصف جمیل کو ڈی سی جامشورو کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان اور خوراک لے کر اب تک 62 پروازیں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکی ہیں،ان پروازوں کے ذریعے کروڑوں ڈالر کا امدادی سامان سیلاب متاثرین کے لیے پہنچایا گیا ہے۔پاکستان سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ 36 ہوائی جہاز متحدہ عرب امارات سے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچے، جن میں سے 23 طیارے متحدہ عرب امارات حکومت اور عوام کی طرف سے سامان لے کر آئے جبکہ 13 طیاروں نے یونائیٹڈ نیشن کا امدادی سامان کراچی پہنچایا۔ایوی ایشن حکام کے مطابق جمہوریہ ترکیہ سے امدادی سامان لیکر 11 خصوصی طیارے کراچی پہنچے، جبکہ چین سے 4، قطر سے 3، سعودی عرب سے 2 جبکہ ازبکستان، فرانس، ترکمنستان، یونسیف، جورڈن اور نیپال سے ایک ایک امدادی پرواز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اتری۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حکومت سندھ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، موفا، پاکستان آرمی اور دیگر اداروں کے متعلقہ افسران مسلسل کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہیں جو امدادی سامان لے کر آنے والے طیاروں کا استقبال کرتے ہیں۔