لاہور(این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف کو خط نہ لکھنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان وزیرخزانہ پنجاب محسن لغاری سے ناراض ہوگئے۔دو روز قبل سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور صوبائی وزرائے خزانہ کی ایک آڈیو لیک ہوئی تھی ،
جس میں شوکت ترین نے عمران خان کی ہدایت پر پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری کو وزیراعظم شہبازشریف کو آئی ایم ایف پروگرام پر خط لکھنے کو کہا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کو خط نہ لکھنے کی پاداش میں وزیرخزانہ پنجاب محسن لغاری کو اپنی وزارت کا قربانی دینی پڑ سکتی ہے کیوں کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان صوبائی وزیر خزانہ سے ناراض ہوگئے ہیں۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو خط نہ لکھنے پر عمران خان محسن لغاری سے ناراض ہیں، کیونکہ محسن لغاری کی طرف سے خط نہ لکھنے پر پارٹی کو شرمندگی اٹھانا پڑی۔ذرائع کے مطابق محسن لغاری کے خط نہ لکھنے کے بعد پنجاب میں وزیرخزانہ کی تبدیلی کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور محسن لغاری کی جگہ ہاشم جواں بخت کو دوبارہ وزیرخزانہ بنائے جانے کاامکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پنجاب کی اقتصادی صورتحال پراجلاس میں بھی وزیرخزانہ محسن لغاری کو نہیں بلایا گیا تھا اور اجلاس میں محکمہ خزانہ کے حوالے سے ہاشم جواں بخت نے شرکت کی تھی۔ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں وزیرخزانہ کی تبدیلی کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے اہم فیصلہ ہوجائے گا۔سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے رابطے میں
صوبائی وزیرخزانہ محسن لغاری نے شوکت ترین سے دریافت کیا کہ کیا اس سے ریاست کومشکل نہیں ہوگی۔جس پر شوکت ترین نے پارٹی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمارے چیئرمین سے کس طرح ٹریٹ کررہی ہے، یہ تو نہیں ہوسکتا کہ وہ ہم پر کیسز کرتے رہیں، بلیک میل کرتے رہیں اور ہم ان کی مدد کرتے رہیں گے۔