کراچی ،لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے ایف پی)امریکی ڈالر کچھ روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں اپنی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث غیر یقینی صورتِ حال کا شکار رہنے کے بعد ایک بار پھر بے قابو ہو کر اڑان بھرنے لگا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آج کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں امریکی ڈالر1 روپے مہنگا ہونے کے بعد 217 روپے 66 پیسے کا ہو گیا ہے۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے مہنگا ہونے کے بعد 223 روپے کا ہو گیا ہے۔اُدھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت رجحان پایا جا رہا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 404 پوائنٹس اضافے کے بعد 43230 پر آ گیا ہے۔دوسری جانب یورو کو دھچکا،ڈالر کے مقابلے میں 20سال کی کم ترین سطح پر آگیا،کساد بازاری کے خدشے کےپیش نظر یورو0.84فیصد کم ہوکر 0.99ڈالرز کے برابر ہوگیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کےمطابق کساد بازاری کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر پیر کو یورو ڈالر کے ساتھ برابری کی سطح سے بھی نیچے چلا گیا جو 2002کے بعد سے اس کی کم ترین سطح ہے۔یورو 1525 GMT پر 0.84 فیصد کم ہوکر0.9951 ڈالر کے برابر رہ گیا۔