اسلام آباد ( آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب شہباز گل سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا۔ شہباز گل کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ
یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔سابق وزیراعظم نے لکھا کہ شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر دوبارہ پولیس کے حوالے کرنے پر انہیں تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا اغوا کرکے بعد نامعلوم مقام پر اور پھر پولیس سٹیشن میں ہونے ہونے والے تشدد کے بعد شہباز گل کی ذہنی اور جسمانی صحت ٹھیک نہیں۔ یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے جس میں شہباز گل سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا جس طرح سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے لیا گیا۔ یہ بالکل قابل قبول نہیں۔‘عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نہ صرف شہباز گل کے خلاف ہونے والے تشدد بلکہ اس طرح کے غیرقانونی اور غیر آئینی کارروائیوں کے خلاف تمام سیاسی اور قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے ریمانڈ کے معاملے پر اسلام آباد اور پنجاب پولیس میں ٹھن گئی جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز طلب کیے جانے کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ نے گِل کو اسلام آباد پولیس کی تحویل میں دے دیا۔تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں ڈرامائی صورت حال رہی اور عدالتی حکم ساتھ لانے والی اسلام آباد پولیس کا شہباز گِل کو ساتھ لے جانے پر مْصر رہی تاہم جیل انتظامیہ نے گِل کو حوالے کرنے سے صاف انکار کیا۔اس دوران اڈیالہ جیل کے باہر
پنجاب پولیس کی نفری اوراسلام آباد پولیس کے مابین تکرار بھی ہوئی اور جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر اسلام آباد پولیس نے پہرہ بھی دیا تاہم بعد ازاں وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز طلب کیے جانے کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کی تحویل میں دے دیا۔