اسلام آبا د(این این آئی)غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کو وضاحت کا ایک موقع دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اگر پارٹی اپنے حق میں دستاویز لے آئے تو الیکشن کمیشن فیصلہ واپس لے سکتا ہے۔
شو کاز نوٹس جاری ہونے کے بعد 7 سے 14 روز کے اندر جواب دینا ہو تا ہے۔ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس کی کارروائی مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن ریفرنس وفاقی حکومت کو بھیج دیگا، پارٹی کے فنڈ ضبط کرنا یا اسے تحلیل کرنے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ ہونے پر وفاقی حکومت پارٹی تحلیل کرنے کا ڈکلیریشن سپریم کورٹ کو ارسال کریگی جس کے بعد سپریم کورٹ کے پاس حتمی اختیار ہے کہ وہ پارٹی تحلیل کرنے کا ڈکلیریشن منظور کرے یا اسے مسترد کردے۔دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس کو ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کی نقل موصول ہوگئی۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا اجلاس جاری ہوا جس میں اتحادی جماعتوں کے وزراء بھی شریک ہوئے۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کے شرکاء کو الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بریفنگ دی۔