مکہ مکرمہ (آئی این پی) سعودی ادارہ برائے امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی فورس کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ حج سیزن کے دوران حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 6 ہزار 310 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق حج ٹاسک فورس کے
چیئرمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے داخلی چیک پوسٹوں پرمتعین سکیورٹی اہلکاروں نے مختلف اوقات میں بغیر پرمٹ کے مکہ جانے کی کوشش کرنے والے1لاکھ 25 ہزار 481 افراد کو واپس کیا جبکہ 72 ہزار 503 بڑی گاڑیوں کو بھی واپس کیا جن کے مالکان کے پاس مشاعر میں جانے کے خصوصی پرمٹ نہیں تھے۔سکیورٹی فورس کے چیئرمین البسامی کا کہنا تھا کہ حج پرمٹ کے بغیر لوگوں کومشاعر منتقل کرنے والے 27 افراد کے خلاف تادیبی و انتظامیہ کمیٹی نے فوری طور پر فیصلے صادر کردیئے ہیں جبکہ ملک بھر کے مختلف ریجنز میں جعلی حج خدمات فراہم کرنے والے 84 اداروں کو سیل کرکے ان کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے حج ایام کا آغاز ذوالحجہ کی پہلی تاریخ سے ہوجاتا ہے اس دوران حج پرمٹ کے بغیر یا ایسے افراد جن کی رہائش مکہ مکرمہ میں نہیں ہوتی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوتی۔